شرڈی/ مہاراشٹر، 30/دسمبر(ایس او نیوز/ آئی این ایس انڈیا) نوٹ بندی سے جہاں عام لوگوں کو سخت پریشانی اُٹھانی پڑی، لوگوں کا کاروبار بے حد متاثر ہوا، وہیں سائیں بابا مندرکو بھی اس کے اثرات جھیلنے پڑے، اور نوٹ بندی کی وجہ سے ہر روز قریب دس لاکھ کا عطیہ کم وصول ہوا۔ ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق نوٹ بندی سے پہلے اس مندر کو ہرروز قریب 45 لاکھ روپیوں کا عطیہ وصول ہوتا تھا، مگر نوٹ بندی کے اعلان کے بعد یہ عطیہ گھٹ کر 35 لاکھ یومیہ ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق نوٹ بندی کے اعلان کے بعد 50 دنوں میں شری سائیں بابا ٹرسٹ کو کل 31.73 کروڑ روپے کاعطیہ ملا ہے۔
مندر کے ایک افسر سچن تانبے نے آج بتایا کہ مندر کو 500اور 1000کے پرانے نوٹوں کی شکل میں کل 4.53 کروڑ روپے کا عطیہ ملا ہے، جبکہ 3.80 کروڑ روپے کا عطیہ 2000اور 500 روپے کے نئے نوٹوں کی شکل میں آیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 50دنوں کے دوران ٹرسٹ کو ان کے ذریعے 18.96کروڑ روپے ملے، جبکہ مختلف عطیات مراکز میں کریڈٹ اور ڈیبٹ کارڈ کے ذریعے بالترتیب 4.25 کروڑ اور 2.62 کروڑ روپے ملے ہیں۔ ٹرسٹ کو ڈیمانڈ ڈرافٹ کے ذریعے 3.96 کروڑ روپے اور 1.46 کروڑ روپے آن لائن عطیہ کے ذریعے ملے ہیں۔ اس کے علاوہ ٹرسٹ کو منی آرڈر کے ذریعے بھی تقریبا 35 لاکھ روپے کا عطیہ ملا ہے۔ نقدی کے علاوہ ٹرسٹ کو تقریبا 73لاکھ روپے قیمت والے 2.90 کلوگرام سونے کے زیورات اور تقریبا 18 لاکھ قیمت کے 56 کلو چاندی کے زیورات بھی عطیہ میں ملے ہیں۔ تانبے نے بتایا کہ 8 /نومبر کو نوٹ بندی کے بعد ٹرسٹ نے اہم زائرین کو درشن اورآرتھی کی خصوصی سہولیات دے کر 3.18 کروڑ روپے حاصل کیا ہے۔